
جوہانسبرگ: جنوبی افریقا میں ایک شخص کو اس کی وصیت کے مطابق مرسڈیز کار سمیت ہی دفن کردیا گیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جنوبی افریقا میں ایک شخص نے مرنے سے قبل اہلخانہ کو وصیت کی تھی کہ مرنے کے بعد میری مرسڈیز بینز میں بٹھا کر تدفین کی جائے۔
رپورٹ کے مطابق مرنے والے شخص کی عمر 72 سال اور نام تزکیدی بتیسو ہے، تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مذکورہ شخص کو وصیت کے مطابق اس کی ہردلعزیز گاڑی مرسڈیز بینز کی ڈرائیونگ سیٹ پر بٹھا کر دفن کیا گیا ہے۔
وصیت کرنے کے چند ماہ بعد ہی بتیسو طبعی موت مرگئے جس پر اہلخانہ نے حیران کن وصیت پر من و عن عمل کرنے کا فیصلہ کیا اور لاش کو مذکورہ لباس پہنا کر کار کی ڈرائیونگ سیٹ پر بٹھایا اور ایک ہاتھ اسٹیئرنگ جب کہ دوسرا ہاتھ گیئر پر رکھا اور سیٹ بیلٹ بھی باندھی گئی تاکہ ایسا لگے جیسے بتسیو مرے نہیں بلکہ گاڑی چلا رہے ہوں۔
تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مذکورہ شخص کو کار میں بٹھانے کے بعد ایک سلور رنگ کی چادر کو کفن کی طرح پہنا کر ایک بڑے اور گہرے گڑھے میں دفنادیا گیا اور کپڑے کے اوپر ایک گلدستہ بھی رکھا گیا، باقی رسومات ملکی طریقہ کے مطابق ادا کی گئیں۔
لواحقین کا کہنا تھا کہ بتیسو کو جرمن کاروں بالخصوص مرسڈیز سے بے حد لگاؤ تھا اور وہ اکثر اپنی مرسڈیز کار کے ساتھ ہی دفن ہونے کی خواہش کا اظہار کرتے تھے۔
Click Here for All Latest News 2020 |