شہباز شریف نے تعاون نہیں کیا تو نیب قانونی راستہ اپنائے گا: اعلامیہ –

By | April 22, 2020

 

لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو تنبیہی پیغام جاری کیا ہے کہ اگر انھوں نے تعاون نہیں کیا تو ان کے خلاف نیب قانونی راستہ اپنائے گا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق نیب نے پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو آج طلب کر لیا ہے، اس سلسلے میں جاری ہونے والے اعلامیے میں نیب نے کہا ہے کہ عدم تعاون کی بنا پر نیب قانونی راستہ اپنانے پر حق بجانب ہوگا۔

نیب کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں 17 اپریل کو طلب کیا گیا لیکن وہ کرونا وائرس کا عذر کر کے پیش نہیں ہوئے، آج دوپہر 12 بجے انھیں دوبارہ طلب کیا جا رہا ہے، شہباز شریف آج نیب آفس میں پیش ہوں، پیشی کے موقع پر مکمل حفاظتی اقدامات اپنائے جائیں گے۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے شہباز شریف کے طلب کیے جانے پر تنقید کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے گزشتہ روز کہا تھا کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے، اور شہباز شریف پاکستان آ کر نیب کی پیشیاں بھگت رہے ہیں، نیب شہباز شریف کی صحت کی ذمہ داری اٹھا لے تو وہ پیش ہو جائیں گے۔ انھوں نے اس سے قبل یہ بھی کہا کہ شہباز شریف سے 22 اپریل (آج) کو جو تفتیش کرنی ہے وہ کیمرہ لگا کر عوام کو دکھائی جائے۔

گزشتہ روز اے آر وائی نیوز کے پروگرام دی رپورٹرز میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا تھا کہ یہ وہ خاندان ہے جس نے بیماری کو بھی بیچا، شہباز شریف گرفتاری سے بچنے کے لیے بہانے کر رہے ہیں، انھیں کسی دن افطاری کرتے ہوئے پکڑا جائے گا۔

 
Click Here for All Latest News 2020

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *