لاک ڈاؤن کی وجہ سے معاشی سرگرمیاں تعطل کا شکار ہیں، شاہ محمود قریشی –

By | April 6, 2020

 

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے معاشی سرگرمیاں تعطل کا شکار ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت کرونا کے معیشت پر منفی اثرات سے متعلق اجلاس ہوا جس میں مشیر خزانہ حفیظ شیخ، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وزیرمملکت حماد اظہر، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران ودیگر اجلاس میں شریک ہوئے۔

اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ یہ ایسا عالمی وبائی چیلنج ہے جس نے پوری دنیا کو لپیٹ میں لے رکھا ہے،ملکی معیشت پر کرونا کے مضر اثرات سے نبرد آزما ہونے میں مشکلات ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ برآمدات کی شرح میں بہت حد تک کمی واقع ہوچکی ہے، لاک ڈاؤن کی وجہ سےمعاشی سرگرمیاں تعطل کا شکار ہیں۔انہوں نے حالیہ صورتحال پر مختلف عالمی رہنماؤں سے رابطوں سے بھی آگاہ کیا۔

شاہ محمود قریشی کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کم وسائل کے حامل ممالک کو قرض ادائیگی میں سہولت کی تجویز دی،وزیراعظم کی تجویز کو مختلف بین الاقوامی فورمز پر زیر بحث لایاگیا۔

وزیر خارجہ نے اجلاس میں بتایا کہ یو این سیکریٹری جنرل، او آئی سی، شنگھائی تنظیم کے سیکریٹری سے بات ہوئی، یورپی اور سارک ممالک کے وزرائے خارجہ سے بھی ٹیلیفونک گفتگو ہوئی۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *